شوبز کی دنیا میں اس ہفتے بھی افواہوں اور خبروں کا بازار گرم رہا اور ہولی وڈ سے لے کر بولی وڈ اور پاکستانی شوبز انڈسٹری کی کئی خبریں سامنے آئیں۔
اس ہفتے جہاں ہولی وڈ ایکشن ہیرو ٹام کروز کی گاڑی کی چوری ہوئی، وہیں ماہرہ خان نے اپنے بوائے فرینڈ جنم دن کے موقع پر ان سے ایک بار پھر اظہار محبت کرکے تصدیق کی کہ وہ تعلقات کو بڑھانے میں سنجیدہ ہیں۔
ٹام کروز کی بی ایم ڈبلیو چوری
آنے والی ایکشن فلم مشن امپاسیبل 7 کی شوٹنگ میں مصروف ٹام کروز کی مہنگی بی ایم ڈبلیو کار ہی چوری ہوگئی۔
بی بی سی کے مطابق ٹام کروز برطانوی ریاست انگلینڈ کے علاقے ویسٹ مڈ لینڈ میں فلم کی عکسبندی میں مصروف تھے کہ حقیقی چور ان کی بی ایم ڈبلیو لے اڑے۔
فلموں کے بعد حقیقی زندگی میں ہیرو کی کار چوری ہونے کے بعد پولیس کی دوڑیں لگ گئیں اور خفیہ کیمروں کے ریکارڈ کے ذریعے اصلی غنڈوں تک پہنچنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق ٹام کروز کی بی ایم ڈبلیو کی قیمت ایک لاکھ برطانوی پائونڈ یعنی پاکستانی 2 کروڑ 30 لاکھ روپے کے قریب تھی۔
ٹام کروز کی مشن امپاسیبل کی شوٹنگ گزشتہ دو سال سے جاری ہے اور کورونا کی وجہ سے اس کی شوٹنگ متعدد بار ملتوی بھی ہوئی، فلم کی عکسبندی کے دوران اداکار خطرناک اسٹنٹ بھی خود کرتے دکھائی دیتے ہیں جب کہ فلم کے بعض مناظر کے لیے کروڑوں روپے کی مالیت کی گاڑیاں اور املاک کو جلایا جا چکا ہے۔
ماہرہ خان کا سلیم کریم کے لیے محبت کا پیغام
اداکارہ ماہرہ خان نے حال ہی میں سلیم کریم کی سالگرہ پر ان کے لیے محبت بھرا پیغام شیئر کیا تو شوبز شخصیات نے بھی دونوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔
ماہرہ خان نے 27 اگست کو انسٹاگرم پوسٹ میں سلیم کریم کو مینشن کرتے ہوئے انہیں اپنی محبت قرار دیا ۔
ماہرہ خان نے سلیم کریم کو بہتر شخص قرار دیتے ہوئے مختصر پیغام لکھا کہ
ان کا ساتھ ہی اداکارہ کو بہتر احساسات دلاتا ہے اور وہ ان کی حقیقی محبت
ہیں۔
اداکارہ کی جانب سے پیغام شیئر کیے جانے کے بعد شوبز شخصیات نے بھی سلیم کریم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے انہیں جنم دن کی مبارک باد پیش کی۔
ماٰضی میں ماہرہ خان اعتراف کر چکی ہیں کہ انہیں سلیم کریم سے محبت ہے اور وہ مستقبل میں اپنے تعلق کو رشتے میں بدلنے کے خواہاں ہیں۔
ماضی میں ماہرہ خان اور سلیم کریم کی شادی کی خبریں بھی پھیلتی رہی ہیں جب کہ رواں برس جولائی میں بھی ان کی شادی کی افواہیں پھیلی تھیں جس پر اداکارہ نے واضح کیا تھا کہ انہوں خفیہ شادی نہیں کی۔

